اسلام آباد: سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں خطرناک صورتحال نہیں، سمندری طوفان کی شدت میں کمی آئی ہے، جمعرات اور جمعے کو تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفرازنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت سمندری طوفان بپر جوائے کا رُخ شمال کی طرف ہے جو ممکنہ طور پر دوپہر تک شمال مشرق کی طرف ہوجائے گا۔
سردار سرفراز نے مزید کہا کہ کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو تیز بارش کا امکان ہے۔ 15 جون کو سمندری طوفان بپرجوائے کے ٹکرانے کے بعد 17 جون تک اس کے اثرات باقی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد احتیاطی تدابیر اپنائیں اور غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں طوفان کے باعث سمندر کے قریبی گوٹھوں اور کریکس میں بلند لہروں کے باعث پانی آ سکتا ہے لیکن ڈی ایچ اے اور دیگر ساحلی علاقوں کو بلند لہروں سے خطرہ نہیں۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مون سون کے موسم میں اکثر ہاکس بے کی سڑک تک پانی آ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ شمال مغرب کی جانب بڑھ چکا ہے اور کراچی سے صرف 350 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے۔