وزیر اعظم کی درخواست پر انڈونیشیا کا پاکستان کو فوری پام آئل فراہم کرنے کا فیصلہ 

04:45 PM, 14 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لئے بڑی پیش رفت ہوئی ہے، برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا،30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو رہا ہے۔ 

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد کا انڈونیشیا کا دورہ کیا اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوئے۔ خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔

انڈونیشیا سے کل اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کئے۔ پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا۔30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج  پاکستان روانہ ہو گا۔ انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین طارق اللہ صوفی اور تنظیم کے رکن رشید جان محمد بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں