لاہور: لاہور کی احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے دو گواہوں پر جرح مکمل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ نیب کے دو گواہوں پر فریقین کے وکلاء نے جرح مکمل کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید گواہوں کو طلب کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت چار جولائی کو ہو گی۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کررکھا ہے جس میں حقائق چھپانے کا الزام ہے ۔
اس موقع پر پنجاب میں بجٹ اجلاس میں مسلسل تاخیر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے، کوشش کریں گے کہ آج بجٹ پیش کر لیں۔