فلم کملی میں صبا قمر کے تالاب والے سین سے پہلے کیا ہوا؟ سرمد کھوسٹ نے بتا دیا

فلم کملی میں صبا قمر کے تالاب والے سین سے پہلے کیا ہوا؟ سرمد کھوسٹ نے بتا دیا

لاہور: پاکستان کے نامور ہدایتکار سرمد سلطان کھوسٹ  کی نئی فلم کملی حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے ، فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرمد سلطان  اداکارہ صبا قمر کے تالاب والے سین سے متعلق اصل کہانی بھی سامنے لے آئے۔

سرمد کھوسٹ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم کملی کے  مرکزی خیال اور کہانی سمیت کرداروں کو نبھانے والے اداکاروں اور فلم بنانے میں مشکلات پر بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ  فلم بنانے سے زیادہ مشکل کام فلم کی پروموشن ہوا کرتی ہے۔سرمد کھوسٹ کے مطابق فلم تو ایک سال میں دو بھی بنائی جا سکتی ہیں لیکن جتنی پروموشن کرنی پڑتی ہے وہ بہت مشکل ہے، اور وہ  پانچ سال میں صرف ایک بار ہی کر سکتا ہوں۔
   

انٹرویو کے دوران سرمد سلطان نے بتایا کہ فلم کملی  کی شوٹنگ 2019 کے آخر میں شروع ہوئی اور اس وقت موسم سرما کا آغاز ہو چکا تھا  اور ایسے میں ایک سین شوٹ ہونا تھا جس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ صبا قمر کو ایک تالاب میں اترنا تھا اور سردیوں میں ایسا کرنا بے حد مشکل کام تھا ۔جبکہ یہ سین جس دن کرنا تھا عین اسی دن گیزر بھی خراب ہو گیا۔ میں نے صبا کو کہا کہ آپ نے فکر نہیں کرنی۔ دیگوں سے ہم نے تالاب میں گرم پانی ڈالا جس سے سالن کی خوشبو آ رہی تھی۔ پہلے میں خود پانی میں لیٹا لیکن صرف گیارہ فریم گزرے اور میں باہر آ گیا۔ صبا نے مجھے کہا کوئی بات نہیں۔ ہم کر لیتے ہیں اور پھر صبا قمر نے یہ کر دکھایا۔   
سرمد کھوسٹ نے اس سین کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس ایک شاٹ کے لیے میں زندگی بھر کے لیے صبا قمر کا مشکور رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  صبا جیسا جنونی ایکٹر نہیں دیکھا۔ وہ کردار کو فخر سے نبھاتی ہیں اور اپنا سو فیصد دیتی ہیں، کبھی اپنے پروفیشنلزم پر بھی کمپرومائز نہیں کرتیں۔ آپ صبا کو سکرین پر دیکھیں تو آپ کی نظر کہیں اور نہیں جائے گی۔

واضح رہے کہ کملی سے پہلے سرمد سلطان منٹو اور زندگی تماشہ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔

مصنف کے بارے میں