لاہو ر: پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے جس کیلئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے تاہم سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کو آج پیش ہونا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوپہر 1 بجے سپیکر پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہو گا جس میں 23-2022ءکا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ آج بجٹ پیش ہو جائے گا جس کیلئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو پیش ہونا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت ہمیں کسی کو بھی بلانے کا اختیار ہے اور انہیں معافی مانگنا پڑے گی کیونکہ یہ ہاؤس کا معاملہ، سارے معاملات طے کریں گے تو آگے بجٹ کا پراسیس چلے گا۔ یہ لوگ اسمبلی میں اجنبی شخص کو لے آئے ہیں، میں اسے ہاؤس میں نہیں بٹھا سکتا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسمبلی کا آدھا سٹاف یہ اٹھا کر لے گئے اور ہم آدھے سٹاف کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ بھی ایوان میں ایک ممبر ہیں، انہیں بھی رولز کے مطابق چلنا ہو گا، ہمارے ممبران کے خلاف کیسز بنائے گئے، ایوان میں ہماری تعداد ان سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوپہر 1 بجے سپیکر پرویز الٰہی کی زیرصدارت ہو گا جس میں 23-2022ءکا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں سپلیمنٹری بجٹ پیش کرنے کے علاوہ پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 ءمیں ترامیم بھی پیش ہوں گی۔