لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) میں ایک اور بڑے سکینڈل پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اختر کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اختر کو ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے گرفتار کیا جبکہ ان کی نشاندہی پر دیگر تین ملزموں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اختر 2015ءسے 2016ءکے دوران سی ای او تعینات تھے اور اس دوران انہوں نے این آئی سی ایل میں غیر قانونی طور پر 9 افرادکو بھرتی کیا تھا۔
حکام کے مطابق یہ 9افراد این آئی سی ایل سے قبل بھی ایک نجی انشورنس کمپنی میں ان کے ساتھ کام کرتے رہے تھے، ان افرادکی بھرتیاں خلاف ضابطہ اور اقرباءپروری کی بنیاد پر کی گئی تھیں جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا جس کا تخمینہ ابھی لگایا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے دیگر مفرور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔