بابراعظم اور نجیب اللہ کی عمدہ بیٹنگ، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 191 رنز کا ہدف

بابراعظم اور نجیب اللہ کی عمدہ بیٹنگ، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 191 رنز کا ہدف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز نے بابراعظم اور نجیب اللہ زدران کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ 
بابراعظم 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے انتہائی عمدہ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے اور نجیب اللہ زدران نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں شرجیل خان 25، مارٹن گپٹل 6 اور شیڈوک والٹن ایک سکور بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے تمام باؤلرز ہی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور عاکف جاوید، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور علی خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، علی خان، محمد وسیم جونیئر اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ 
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، نجی اللہ زردان، تھیسارا پریرا، مارٹن گپٹل، شیڈوک والٹن، محمد عباس، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔