اسلام آباد: بیرون ملک حصول تعلیم اور ورک ویزہ پر جانے والے افراد نے ماس ویکسی نیشن سینٹر اسلام آباد کے باہر احتجاج کیا اور حکومت سے مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عوام کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور یہاں سائینو ویک، کین سائنو،
سائینو فارم اور ایسٹرازینکا ویکسینز استعمال کی جا رہی ہیں تاہم سعودی عرب، برطانیہ اور یورپ میں ان ویکسینز کو تسلیم نہیں کیا جا رہا اور چند ممالک نے صرف ایسٹرازینکا کو لسٹ میں شامل کر رکھا ہے۔
اس وجہ سے ورک پرمٹ اور سٹڈی ویزہ پر بیرون ملک جانے والے پاکستانی مشکلات کا شکار ہیں جنہوں نے اسلام آباد میں ماس ویکسی نیشن سینٹر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ ایسی ویکسین کا بھی انتظام کرتے جسے سعودی عرب ،برطانیہ اور یورپ تسلیم کرے۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر ممالک نے فائزر ، ایسٹرا زینکا اور موڈرنا کو لسٹ میں رکھا ہے جبکہ پاکستان میں ان میں سے صرف ایسٹرازینکا ہی دستیاب ہے گر وہ بھی 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ہی لگائی جا رہی ہے۔