پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں سیلفیوں کی بہار، کون سا رکن کیا کرتا رہا؟ سب پتہ چل گیا

07:30 PM, 14 Jun, 2021

لاہور: پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے ایوان میں سیلفیوں کی بہار آ گئی اور حکومت کیساتھ ساتھ اپوزیشن اراکین بھی سیلفیاں بنانے میں مصروف رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ اسمبلی کی نئی عمارت کے ایوان میں پیش کیا گیا جہاں حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی خوش گپیاں کرتے رہے اورسلفیاں بنانے میں مصروف ہے جبکہ اسمبلی فوٹوگرافر سے بھی حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے تصاویر بنوائیں۔ 


وزیر آبپاشی محسن لغاری اپنی نشست تلاش کرتے رہے تو پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ ایوان کے اندر مختلف جگہوں پر سیلفیاں بناتے رہے، سوشل ویلفیئر کے وزیر یاور بخاری خواتین ارکان کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے، سابق سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا محمد اقبال حکومتی بنچوں پر پہنچ گئے اور صمصام بخاری، مراد راس، فیاض الحسن چوہان اور اسلم اقبال سے ملاقات کی۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منحرف ارکان اشرف انصاری اور مولانا غیاث الدین پچھلی نشستوں پر خاموشی سے بیٹھے رہے جبکہ بجٹ اجلاس کی کارروائی دیکھنے کیلئے آنے والے سرکاری افسران اور مہمان بھی سیلفیاں اور تصاویر بناتے رہے۔ 

مزیدخبریں