پیرس: فرانس میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ فیڈرل ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک انجن والے طیارے روبن ایچ آر 100 نے ایئر فیلڈ سے اڑان بھری تھی تاہم کسی خرابی کے باعث ویمبریچیز کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے کو ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوتے دیکھا جبکہ زمین پر گرتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، طیارے میں 4 افراد سوار تھے جن میں سے 3 ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، فیڈرل ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدای کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جہاز پر لگی آگ پر قابو پا لیا اور ملبے سے 3 افراد کی لاشیں نکالیں جبکہ زخمی ہونے والے چوتھے شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کی حالت کیسی ہے؟ اس بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 21 سے 69 سال کے درمیان ہیں اور تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت لواحقین کی اجازت کے بعد ہی ظاہر کی جائے گی۔