اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بہترین بجٹ دیا اور ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی، مشیران اور ترجمانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، حماد اظہر، اسد عمر، خسرو بختیار نے ترجمانوں کو بریفنگ دی جبکہ تمام ترجمانوں نے اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال پراپنی اپنی رائے دی۔
اجلاس میں اپوزیشن کو بجٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے بجٹ پر رہنماؤں اور ترجمانوں کو اعتماد میں لیا جس پر ترجمانوں نے رائے دی کہ ’وزیر اعظم صاحب ، آپ نے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا‘۔
ترجمانوں نے وزیر اعظم کو عوام دوست بجٹ پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال لیا، موجودہ صورتحال میں بہترین بجٹ دیا، ریلیف ہی ریلیف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی ہو، تنخواہ دار طبقہ، مزدور یا پھر تاجر برادری ہر کسی کو سہولت دی، معیشت کے تمام اعشاریے درست سمت میں ہی جبکہ برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، زرمبارلہ، ترسیلات زر اور ریکارڈ ٹیکس محصولات سب مثبت ہے۔
وزیراعظم نے ترجمانوں کو بجٹ سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا اور کہا کہ حکومتی معاشی کامیابیوں کو عوام میں اجاگر کریں۔
انہوں نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ پوری تیاری کے ساتھ ٹی وی ٹاک شوز میں شرکت کریں اور معاشی بیانیہ عام فہم زبان میں لوگوں تک پہنچایا جائے، عوام کو بتایا جائے کہ یہ بجٹ پہلے بجٹ سے مختلف کیسے تھا۔