لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے آج ایک تاریخ ساز بجٹ پیش کیا جس میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب میں ایک تاریخ ساز بجٹ پیش کیا گیا جس میں کوئی نیا ٹیکس لگایا گیا ہے اور نہ ہی عوام پر کوئی اور بوجھ ڈالا گیا ہے، اس کے علاوہ تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے 2 جملے ہی بولے تھے کہ حکومت نے رونا شروع کردیا اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی، پہلی بار ہوا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو روکا گیا ہے، یہ لوگ جانتے ہیں کہ بجٹ جھوٹا اور جعلی ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ بجٹ کارٹل اور مافیا کی جیبیں بھرنے کیلئے ہے، یہ بجٹ غریب عوام کو مزید غریب کرنے کیلئے ہے جو پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔