ریاض ،سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ خواتین اب محرم کے بغیر بھی حج کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج کا کہنا ہےکہ رواں سال حجاج کرام کے لیے تین پیکجز کو منظور کیا گیا ہے جن میں سے ایک خواتین کے لیے ہے۔
وزارت حج کا کہنا ہےکہ حج کی خواہش رکھنے والی خواتین اب انفرادی طور پر بھی اپنی رجسٹریشن کراسکتی ہیں جس کے لیے انہیں کسی مرد ساتھی محرم کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ دیگر خواتین کے ساتھ رجسٹریشن کی درخواست دے سکیں گی۔
خیال رہےکہ سعودی عرب نے رواں سال بھی کورونا وائرس کی وجہ سے حجاج کی تعداد کو محدود کرکے 60 ہزار تک کیا ہے اور اس سال بھی صرف سعودی عرب میں مقیم سعودی شہری اور غیر ملکی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
سعودی وزارت حج کی جانب سے کہا گیا ہےکہ 18 سے 65 سال تک حج کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ کورونا کی ویکسی نیشن کرائیں اور وہ کسی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہوں۔