بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا

04:34 PM, 14 Jun, 2021

ممبئی، آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا ایک سال مکمل ہوگیا۔اس موقع پر سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس پر طویل کیپشن درج ہے۔

اداکارہ ریا نے سشانت کے ہمراہ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک بھی لمحہ ایسا نہیں جب مجھے اس بات کا یقین ہوا ہو کہ تم اب یہاں نہیں ہو۔

اداکارہ نے جذباتی انداز میں لکھا کہ لوگ کہتے ہیں وقت ہر چیز کا مرہم ہوتا ہے لیکن تم ہی میرا وقت اور میرا سب کچھ تھے، تم میرے گارڈین اینجل تھے اور میں جانتی ہوں تم چاند سے ٹیلی اسکوپ کی مدد سے مجھے دیکھ رہے ہو۔

 سشانت کو یاد کرتے ہوئے ریا چکرورتی کا کہنا تھا کہ میں روز تمہارا انتظار کرتی ہوں کہ تم آؤ گے اور مجھے پِک کرو گے، میں تمہیں ہر جگہ ڈھونڈتی ہوں، مجھے معلوم ہے تم یہیں کہیں ہو۔ 

اداکارہ نے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ تمہارے بغیر کوئی زندگی نہیں، تم زندگی کا مطلب اپنے ساتھ ہی لے گئے۔

کیپشن کے اختتام پر اداکارہ نے کہا کہ میں تمہیں بہت یاد کرتی ہوں سشانت۔

یاد رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ برس 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت کی موت کے معاملے پر بھارتی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اداکار کے گھر والوں نے ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ریا کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔سشانت کے والد کی جانب سے ریا پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سشانت کو نشے کا عادی بنایا، محض پیسوں کیلئے سشانت سنگھ سے تعلقات قائم کیے اور ہر طرح سے سشانت کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا۔ بعدازاں اسی کے مجبور کرنے پر اداکار یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوا۔

تاہم ریا نے ان سب الزامات کو مسترد کرکے واقعے کی شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں