قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی تفصیلات سامنے آگئیں 

03:53 PM, 14 Jun, 2021

 لاہور (ارسلان جاوید )پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 25 جون کو لاہو رسے براستہ یو اے ای انگلینڈ روانہ ہو گی ،قومی ٹیم 20جون کو بائیو سیکیور ببل جوائن کریگی ۔

تفصیلا ت مطابق دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا پہلا کورونا ٹیسٹ 16جون کو ان کے گھروں میں ہی کیا جائیگا جس کے بعددوسرا ٹیسٹ روانگی سے قبل 19 جون کو بائیو سکیور ببل جوائن کرنے کے بعد کیا جائیگا اور تیسرا کوویڈٹیسٹ 23 جون کو لاہور کے ہوٹل میں  ہوگا ،جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا سکواڈ 25 جون کو لاہور سے براستہ یو اے ای انگلینڈ روانہ ہو گا ۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 میں شریک سکواڈ ارکان یو اے ای سے  قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے، قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں تین دن روم آئسولیشن میں رہے گی، اگلے سات روز قومی کرکٹرز ڈربی کی آئسولیشن میں ٹریننگ کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز 8 جولائی سے ہوگا، انگلینڈ سیریز کے بعد قومی کھلاڑی 15 جولائی کو وطن واپس لوٹیں گے، جس کے بعد  قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی، دوسری طرف قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچیں گے۔

ویسٹ انڈیزسے ٹی ٹوٹی سیریز کے بعد قومی ٹی ٹونٹی کرکٹرز وطن واپس آ جائیں گے، جبکہ قومی ٹیسٹ سکواڈ ویسٹ انڈیز کا دورہ مکمل کرنے کے بعد 25 اگست کو وطن  آئیںگے۔

مزیدخبریں