ممبئی:بالی ووڈ سلطان سلمان خان کو مات دینے کے لیے سری دیوی کے سوتیلے بیٹے ارجن کپور میدان میں آگئے۔
بالی ووڈ ہو یا ہالی ووڈ تمام ہی اداکار اپنے کردار کو بہتر سے بہتر کرنے کے لیے طویل جدوجہد کرتے ہیں حتیٰ کہ کچھ اداکار کردار کے تقاضے کے مطابق تن سازی بھی کرتے ہیں تاکہ اس کردار کو بھرپور طرح سے ادا کیا جائے اور اگر بات بالی ووڈ کی کریں تو بالی ووڈ میں تن سازی میں سلمان خان کا کوئی ثانی نہیں۔
لیکن اب یہ بھی حقیقت ہے ہریتھک روشن اور ٹائیگر شروف جیسے فنکار بھی اس فہرست میں آنا شروع ہو گئے ہیں اور اب ارجن کپور حقیقی زندگی میں سلمان خان سے تنازعات کے بعد انہیں فلموں میں بھی مات دینے کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔ارجن کپور نے انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ خوبصورت باڈی کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔
اداکار نے یہ باڈی اپنی نئی آنے والی فلم ”پانی پت‘ ‘کے لیے بنائی ہے۔ اشوتوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”پانی پت“ میں ارجن کپور، سنجے دت اور کریتی سنن مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم رواں سال 13 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ ارجن کپور کے اس نئے انداز کو دیکھ کر ان کے مداح بھی کافی حیران ہوئے۔ اداکار نے اپنی پوسٹ کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ میں جنگجو موڈ میں ہوں۔
ارجن کپور اور سلمان خان کے درمیان گزشتہ سال سے ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائیکہ اروڑا کی وجہ سے کشیدگی چل رہی ہے کیوں کہ ارباز خان سے طلاق کے بعد ارجن اور ملائیکہ اروڑا میں کافی قربتیں دیکھی گئیں حتی کہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑی بہت جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھ جائے گی۔