ممبئی: بالی ووڈ سپر سٹار سیف علی خان کیخلاف گاڑی غلط جگہ کھڑی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سیف علی خان ممبئی کے علاقے پاریل میں اپنی نئی فلم ”شیف“ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اس دوران ان سمیت شوٹنگ کے عملے نے اپنی گاڑیاں مقامی سرکاری کالج کے میدان میں کھڑی کر رکھی تھیں۔ گاڑیوں کی غلط جگہ پارکنگ کی اطلاع پر ممبئی کے بلدیاتی امور کے نگراں ادارے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ارکان وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے کا حکم دیا۔
سیف علی خان نے گاڑی ہٹانے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہاں شوٹنگ اور گاڑیاں کھڑی کرنے کی پولیس سے باقاعدہ اجازت لی ہے، اس لیے اب وہ انہیں کسی صورت نہیں ہٹائیں گے۔ معاملے نے طول پکڑا تو بی ایم سی کے اعلیٰ حکام بھی وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے شوٹنگ کے عملے کو وارننگ دی کہ انہوں نے گاڑیاں سرکاری جگہ پر پارک کی ہیں، قانونی طور پر انہیں پولیس کے بجائے بی ایم سی سے اجازت لینی چاہیے تھی۔ گاڑیوں کو نہ ہٹایا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تمام تر معاملے کے بعد شوٹنگ انتظامیہ نے گاڑیاں وہاں سے ہٹالیں اور کہا کہ وہ آئندہ مناسب طریقے سے اجازت لے کر گاڑیاں کھڑی کریں گے۔ادھر بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر وشواس موٹے کا کہنا ہے کہ فلم بنانے والی ٹیم نے اپنی غلطی مان لی ہے لیکن ہم نے سیف علی خان کے خلاف بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرادی ہے۔ اب انہوں نے اگر اس سلسلے میں تحریری اجازت مانگی تو پہلے ہم ان سے قانون کے مطابق جرمانہ وصول کریں گے اور پھر اجازت دیں گے۔