نیویارک : ماہرین نے ایک مرتبہ پھر ورزش کے شاندار فوائد بتا دیے ۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ کی ورزش نہ صرف ہمارے موڈ کو اچھا کرتی ہے بلکہ اس سے ڈپریشن تناوکے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔
نیویارک یونیورسٹی کے سینٹر فار نیورل سائنس کے ماہرین نے تحقیق میں دماغ پر ورزش کے اثرات دیکھے اور کئی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ورزش دماغی صحت کے لیے بہت موثر ہے۔ماہرین نے تحقیق میں دماغ کے کیمیائی مواد جیسے کہ ڈوپامین، سیروٹنین، ایپینیفرین اور نارایپینیفرین جو موڈ کے تبدیل ہونے میں کردار ادا کرتے ہیں ان کو بھی نوٹ کیا۔تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی کہ اگر ہم دن میں ایک مرتبہ ورزش کرتے ہیں تو ہمارا موڈ دن بھر اچھا رہتا ہے۔
ماہرین نے دیکھا کہ صرف ایک بار ورزش کرنے سے دماغ بہتر طریقے سے کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔ان کے مطابق تھوڑی دیر کی ورزش بھی موڈ کو بہتر کرتی ہے اور تھکاوٹ نہیں ہونے دیتی جب کہ روزانہ ورزش کرنے سے ڈپریشن 16.3 فیصد سے کم ہو کر 8.3 فیصد ہو جاتا ہے۔ماضی کی تحقیقوں سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ورزش سے لوگ کافی اچھا محسوس کرتے ہیں اور ایسے لوگوں میں ڈپریشن کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کنیکٹی کٹ کے سائنس دانوں نے کہا کہ ہلکی پھلکی ورزش پارک میں چہل قدمی کے برابر ہے اور دونوں ہی موڈ کو بہتر کرتے ہیں۔ہر قسم کی ورزش انسان پر مختلف طریقے سے اثر ڈالتی ہے۔ جو لوگ کم اور ہلکی پھلکی ورزش کرتے ہیں تو ان کا دماغ بہتر کام کرنا شروع ہوجاتا ہے اور ڈپریشن میں کمی دیکھنے میں آتی ہے۔جب کہ جو لوگ بھرپور طریقے سے ورزش کرتے ہیں تو ان کی دماغی صلاحیتیں مزید بہتر ہو جاتی ہیں اور ان میں درد کی شدت بھی کم ہو جاتی ہے۔