اسلام آباد: پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کسی نامعلوم شخص کو میرے ساتھ جوڑنے کا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ کہا گیا کہ تصویر لیک کے پیچھے میرا بھانجا ہے حالانکہ میرا کوئی بھانجا نہیں۔ انہوں نے کہا ہم دو بھائی ہیں اور ہماری کوئی بہن نہیں ہے لہذا بھانجے کا رشتہ وجود ہی نہیں رکھتا ۔ حماد جاوید نامی شخص کو نہیں جانتا جبکہ تصویر لیک کا معاملہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا ہے۔
سعد رفیق نے کہا اعتراض کرنے کا مطلب کسی پر دباؤ ڈالنا نہیں جے آئی ٹی پر پہلے عمران خان اور اعتزاز احسن نے اعتراض کیا تھا۔ مشرف دور میں تحقیقات کرنیوالوں پر اعتراض ہمارا حق تھا اور عدالتوں میں جانے کا کھیل عمران خان نے شروع کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا عمران خان جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسے ہی کاٹ رہے ہیں اور انہوں نے پارلیمنٹ کا تماشا بار بار لگایا۔
عمران خان جمہوریت پرخودکش حملہ کر رہے ہیں اور بے بنیاد مہم چلانے پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نہال ہاشمی کے حوالے سے ان کاکہنا تھا انہوں نے بہت بڑی حماقت کی۔
واضح رہے وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کی تصویر لیک ہونے کے بعد میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس سارے معاملے میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ریلویز خواجہ سعد رفئق کے بھانجے کا ہاتھ ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں