لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کے بارے میں عظیم آسٹریلین کرکٹر اور سابق کپتان ای این چیپل نے ایسا بیان دیدیا کہ پاکستانی خوش ہو جائیں گے ۔ای این چیپل نے حسن علی کو پاکستانی باؤلنگ لائن کا اہم مہرہ قرار دیدیا اور ساتھ ہی ساتھ فاسٹ باؤلر حسن علی کو ایونٹ کی دریافت قرار دے دیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آسٹریلین کپتان ای این چیپل نے کہا کہ ایونٹ میں سب سے زیادہ متاثر کن پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی رہے اور ان جیسی باؤلنگ کسی بھی کھلاڑی نے نہیں کی۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز ویوین رچرڈز اور برائن لارا نے بھی ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے حسن کو ہی ایونٹ کی دریافت قرار دیا۔ویوین رچرڈز نے کہا کہ انہیں انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر مارک وڈ نے بھی متاثر کیا اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی آگے چل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت نام کمائے گا۔
یادرہے کہ حسن علی نے چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 میچوں میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی جانب روانہ کیا ہے۔ حسن علی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی کی جانب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔