اسلام آباد: تحریکِ لبیک پاکستان کے مظاہرین نے ایک بار پھر اسلام آباد کو راولپنڈی سے جوڑنے والی شاہراہ فیض آباد پر دھرنا دے کر اسے بلاک کر دیا ہے۔ اطراف کی متعدد سڑکیں بھی ٹی ایل پی کارکنان نے پتھر لگا کر بلاک کردی ہیں جس کے بعد عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز ٹی ایل پی کے کارکنان نے فیض آباد پر خیمے گاڑ دیے۔ کارکنوں نے اسلام آباد ایکسپرس وے بھی بلاک کر دی، اسلام آباد ایکسپرس وے کو فیض آباد کے مقام پر بلاک کیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو ذلیل کرنے کے لیے ٹی ایل پی والے میدان میں آگئے ہیں۔ روڈ بلاک کر کے کیا ملتا ہے۔محرم کی وجہ سے پہلے ہی سیکورٹی کے مسائل ہیں ۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ ایک تو راستوں کی بندش کی وجہ سے ہمیں آمدو رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں دوسری طرف کسی ناخوشگوار واقعہ کا بھی خدشہ ہے۔ مظاہرین سے درخواست ہے وہ اپنا دھرنا ختم کردیں ۔