راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی۔
لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم قانونی ضابطے مکمل کرکے اڈیالہ جیل کے اندر گئی اور عمران خان سے مقدمات کی تفتیش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی احمد عثمان کی سربراہی میں پولیس ٹیم میں 11 تفتیشی انسپکٹر شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے 9 اور 10 مئی کے واقعات پر سوالات کیے۔لاہور پولیس ٹیم نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شادمان تھانہ حملہ کیس پر سوالات کیے، تفتیش میں ڈیجیٹل شواہد اور گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔ لاہور پولیس کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کا مرحلہ مکمل کرلیا جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پیر کو بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوں گے، جناح ہاؤس حملےمیں تفتیش کے لیے بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کی استدعا کی جائےگی۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں،4 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی نے ضمانت کروا رکھی ہے۔