پنسلوینیا:امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں حملے کی مذمت کی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کرخوشی ہوئی، اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
جو بائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک ہیں، امریکا میں اس قسم کے تشدد کی کوئی جگہ نہیں،سیکرٹ سروس نے فوری کارروائی کرکے ٹرمپ کو محفوظ مقام منتقل کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی پر ان کاشکریہ، جلد ٹرمپ سے بات کروں گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پریس کانفرنس میں صدر جوبائیڈن نے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدارتی الیکشن لڑنے کا سب سے زیادہ اہل ہوں، ٹرمپ کو پہلے بھی ہرایا تھا اب بھی ہراؤں گا، ٹرمپ کا جیتنا دنیا کیلئے تباہی ہو گا۔