پنسلوینیا:سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے۔ تاہم وہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ واقعہ میں ایک شخص بھی ہلاک ہوا اور دو زخمی ہوئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
تاہم ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی، چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا ۔ اس وقت ان کے دائیں کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے۔ سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔
کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ کو ایک گولی لگی تھی۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ریلی میں جس رائفل سے فائرنگ کی گئی تھی اسے بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور ڈونلڈ ٹرمپ سے کئی سو گز دور موجود تھا اور ماہر نشانہ باز تھا۔فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولی میرے دائیں کان کے اوپر کے حصے میں لگی، مجھے فوری طور پر لگا کہ کچھ ہوا ہے تاہم جب بہت زیادہ خون بہا تب مجھے پتا چلا کہ کیا ہوا ہے۔