اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل ان کی وفات کے بعد سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ 20 جولائی کو سماعت کرے گا۔
سابق صدر نے 2013 کے انتخابات میں صوبہ پنجاب کے ایک پارلیمانی حلقے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں دائر اپیل پر گزشتہ سماعت 5 سال قبل ہوئی تھی۔
پہلی سماعت میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے 2013 کے عام انتخابات کے لیے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سماعت ٹھوس دلائل سے عاری ہونے کے باعث ناقابل سماعت ہے۔
پرویز مشرف کے وکیل اقبال ہاشمی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے کراچی میں اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق صدر کی دوسری درخواست پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) کے فیصلے کے خلاف ہے۔ سپریم کورٹ نے سابق صدر کی دوسری اپیل کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا حکم دیا۔
ہاشمی نے عدالت سے دونوں اپیلوں کی سماعت کے لیے ایک ہی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کی تو جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ آج کی درخواست پہلے ہی خارج کر دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "آئیے انتظار کریں کہ دوسرے بنچ سے کیا فیصلہ آتا ہے جب عدالت عظمیٰ کا ایک بڑا بنچ اسے سماعت کے لیے مقرر کرتاہے۔"