لاہور: پنجاب کے سرکاری ملازمین کے احتجاج کا دائرہ مزید بڑھ گیا۔سول سیکرٹریٹ کے ملازمین نے بھی احتجاج شروع کردیا۔پنجاب پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بھی احتجاج میں شامل ہوگئی۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن، واسا راولپنڈی، آر ڈی اے راولپنڈی اور پی ایچ اے کے ملازمین بھی سراپا احتجاج۔ ملازمین نے تنخواہ اور پنشن میں وفاق جتنے اضافے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز بند ہو گئے اور بورڈ امتحانات کی چیکنگ کا عمل بھی روک دیا گیا ۔کمشنر آفس،ڈی سی آفس، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے دفاتربند۔ڈی سی آفس،میٹروپولیٹن کارپوریشن میں انتظامی امور ٹھپ۔ڈومیسائل برانچ، رجسٹری برانچ، ریونیو سمیت دیگر دفاتر کو تالے لگا دیے گئے۔
پنجاب سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے جبکہ تنخواہوں میں اضافےکیلئےتمام اسپتالوں کے پیرا میڈیکل سٹاف نے سروسز ہسپتال لاہور میں احتجاج شروع کر دیا ۔اسپتالوں میں احتجاج کےباعث اسپتال میں مریضوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، واسا راولپنڈی، آر ڈی اے راولپنڈی اور پی ایچ اے کے ملازمین سراپا احتجاج۔ ملازمین نے سرکاری اداروں کے دفاتر کو تالا لگا دیا، افسران کا داخلہ بھی بند کر دیا۔ ملازمین کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی جاری ہے۔
ملازمین کاکہناہے کہ مطالبات کی منظوری تک تمام اداروں میں تالہ بندی رکھی جائے گی۔ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کر دیا کہ حکومت لیو ان کیشمنٹ کے نوٹیفکیشن کو فوری واپس لے۔