ہماری حکومت کاصرف ایک ماہ رہ گیا، تمام وسائل قوم پر نچھاور کرکے جائیں گے: وزیر اعظم

11:40 AM, 14 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کااب صرف ایک ماہ رہ گیاہے۔تمام وسائل قوم پر نچھاور کرکے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی   میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قومیں تعلیم اور  تربیت سے آگے بڑھتی ہیں ۔ غریب بچوں کو تعلیم کے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔گارڈآف آنرکےاصل حقدارذہین طلباہیں۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہنر مند اور فنی تعلیم کے فروغ پر زور دیا کیونکہ یہ کسی بھی ملک کی کامیابی کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی اور ہنر مندانہ تعلیم و تربیت بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے جو کہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے ہنر مند گریجویٹس نہ صرف باوقار طریقے سے اپنی روزی روٹی کمائیں گے بلکہ خلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر میں ملک کا امیج بہتر بنانے میں بھی مدد کریں گے۔

شہباز شریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے وژن کے مطابق طبقاتی امتیاز بالخصوص تعلیم کے شعبے میں ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ہنر مند اور فنی تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہنر مند انسانی سرمایہ پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی جس سے بیرون ملک سے ترسیلات زر بھیج کر ملک کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یونیورسٹی کے لیے 100 ملین روپے اور 4 ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی فراہمی کا اعلان کیا۔ مرکزی کیمپ  کا سنگ بنیاد  بھی رکھا اور طلباء میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

شہبازشریف   آج میانوالی  بھی جائیں گے اور  چشمہ پاور پلانٹ فائیو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

مزیدخبریں