واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعرات کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے پروگرام کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔"
انہوں نے ایک ٹویٹر پوسٹ میں کہا کہ ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ میکرو اکنامک اصلاحات اور پائیدار اقتصادی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں جو آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان عملے کی سطح کے معاہدے تک پہنچنے میں ہوئی ہے۔
یاد رہے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ 3 بلین ڈالر کا پیکج حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بلنکن کا یہ بیان بدھ کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 بلین ڈالر کی نو ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 1.2 بلین ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) میں جمع کرائے، جس سے ڈالر کی قلت اور بھاگتی ہوئی مہنگائی سے دوچار معیشت کو بہت ضروری فروغ ملا۔
آئی ایم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام کا مقصد پاکستانی عوام کی مدد کے لیے سماجی اور ترقیاتی اخراجات کے لیے جگہ پیدا کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنے اور جھٹکوں سے بچانے کے لیے فوری کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔
یاد رہے پاکستان کو اس ہفتے کے شروع میں متحدہ عرب امارات سے 1 بلین ڈالر اور سعودی عرب سے 2 بلین ڈالر بھی ملے۔