اسلام آباد: صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی خدشات کے باعث بعض حلقوں میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ لاہور کے 4 اور ملتان کے 1 حلقے میں فوج کی پولنگ سٹیشن کے باہر تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔
الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو خط میں الیکشن کے دوران بد امنی کے خطرے کے پیش نظر کوئیک رسپانس فورس کی تعداد اور فلیگ مارچ بڑھانے کی درخواست کی ۔خط میں کہا گیا کہ رینجرز کی تعیناتی پر اتفاق ہوا تھا ۔حالیہ رپورٹس کے مطابق بدامنی و تشدد کا خطرہ بڑھ چکا ہے اس لئے پانچ حلقوں میں فوج تعینات کی جائے ۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ دیگر حلقوں میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی چوکس رکھا جائے۔ الیکشن سے پہلے یا دوران تشدد کے واقعات کے سدباب کی ہدایت دی جائے۔ پاکستان میں سیاسی درجہ حرارت کے بڑھنے اور پولرائزیشن کی وجہ سے یہ اقدامات ضروری ہیں اگر قبل از وقت پرتشدد واقعات کا سد باب نہ کیا گیا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں ۔