کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز ضلع زیارت سے اغوا کیے جانے والے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ کے سینئر آفیسر کرنل لئیق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اپنے ایک بیان مین وزیر اعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اغواکاروں کی بہیمانہ کارروائی قابل مذمت ہے۔دہشت گرد عناصر نے ایک بہادرافسر کوبزدلانہ طریقے سے شہید کیا۔آرمی افسرکےاغوااورانہیں شہید کرنے کامقصد دہشت اوروحشت کا ماحول پیدا کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں اوران کے سرپرستوں کواپنے ناپاک عزائم میں ناکامی ہوگی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ واقعہ سے دہشت پیدا کرنے والوں کے خلاف عوامی نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔بہادرسکیورٹی فورسز کے جوانوں اور افسران کو ایسی بزدلانہ حرکتوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث عناصر جلد اپنے انجام تک پہنچاۓ جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔