لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے جلد نکاسی آب کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ واسا اور انتظامیہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم وقت میں مکمل کیا جائے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔
لاہور کے علاقے ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، حبیب اللہ روڈ، گڑھی شاہو،مال روڈ، شملہ پہاڑی،کینال روڈ، گوالمنڈی، سمن آباد، مصری شاہ، ناخدا چوک، فرخ آباد، جیل روڈ، ائیرپورٹ، گلبرگ اورملحقہ علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 63 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ 27، ائیرپورٹ 35، گلبرگ 26.5، لکشمی چوک 25، اپر مال 12، مغل پورہ 32 اور تاجپورہ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح نشتر ٹاؤن 25، چوک ناخدا 21، پانی والا تالاب میں 55، گلشن راوی 51، اقبال ٹاؤن میں 25، سمن آباد 30 اور جوہر ٹاؤن میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔