ملک میں ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتے، روسی صدر

10:53 PM, 14 Jul, 2021

ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ ملک میں کسی صورت میں بھی ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے یورپ کی انسانی حقوق کی اعلیٰ عدالت کے ہم جنس پرست جوڑوں کی شناخت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کے لیے دباؤ ڈالنا روس کے داخلی معاملات میں مداخلت سمجھی جائے گی اور ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دینا روس کے آئین اور قانون کا مذاق اُڑانے کے مترادف ہو گا اور روسی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

قبل ازیں اسٹراسبرگ میں قائم یوروپین کورٹ آف ہیومن رائٹس نے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ روس پر ایک ہی جنس سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی نجی اور خاندانی زندگی کے معاملات کا احترام کرنا لازمی ہو گا۔

یورپی کورٹ نے مزید کہا تھا کہ روس  ہم جنس پرست جوڑوں کے باہمی رشتے کو تسلیم کرنے کے لیے ایک باقاعدہ قانونی فریم ورک مہیا کرے جیسا کہ تائیوان سمیت کئی رکن ممالک بھی کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہم جنس پرست جوڑوں نے شادی کے اندراج میں ناکامی پر اپنے ملک کے خلاف یورپی کورٹ میں شکایات درج کرائی تھیں۔

مزیدخبریں