کراچی: سندھ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث مزید 26 افراد جاں بحق جب کہ 1420 متاثر ہو گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 919 ہو گئی۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار989 جب کہ اموات کی تعداد 5 ہزار 547 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 817 مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 61 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 1134 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 919 ہو گئی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کراچی سمیت سندھ بھرمیں پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں انڈور ڈائننگ جمعرات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھرجھیل جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سینما، انڈور جمز اور کھیل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پہلی سے آٹھویں کلاسز تک سرکاری اسکولز جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نویں کلاس اور اس سے اوپر کے تعلیمی ادارے امتحانات کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آبادی کے لحاظ کے پاکستان کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے۔