کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل ائیر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے ترک افواج کی تعیناتی کے فیصلے پر افغان طالبان نے ترکی کو خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی لگاتے ہوئے کہا کہ ترکی کے حکمرانوں نے یہ اعلان امریکی مطالبے پر کیا ہے اس سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچےگا۔
ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ترکی کے حکمرانوں نے اپنی افواج کی تعیناتی کا اعلان کیا اور یہ فیصلہ ہماری قوم ، ملکی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے منافی بھی ہے اس لئے ترکی فیصلہ واپس لے۔ غیرملکی افواج کی موجودگی چاہے کسی بھی ملک اور نام سے ہو وہ جارحیت ہے اور ایسی غیرملکی افواج کے ساتھ علماء کے فتوے کی بنیاد پر غاصبوں جیسا سلوک کیا جائے گا۔
ترجمان افغان طالبان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی کے امور میں نہ مداخلت کرتے ہیں نہ ہی اپنے امور میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں اگر ترک حکام نے نظرثانی نہ کی تو امارات اسلامیہ اور افغان قوم اس کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔
واضح رہے کہ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی اور امریکا کابل ائیرپورٹ کی سیکیورٹی کے دائرہ کار پر متفق ئے ہیں۔ افغان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر نیا ڈیفنس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔