وزیراعظم عمران خان نے ملک دشمن قوتوں سے اربوں روپے لیے، مریم نواز کا الزام

06:31 PM, 14 Jul, 2021

راولا کوٹ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت ملک پر سب سے بڑا منی لانڈرر عمران خان قابض ہے اور اس نے ملک دشمن قوتوں سے اربوں روپے لیے۔

مریم نواز شریف کا آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات سالوں سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار ہے اور عمران خان 16 خفیہ بینک اکاؤنٹس کا حساب نہیں دے سکے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل رہا جبکہ نیب اور ایف آئی اے نے کرپشن پکڑنی ہے تو وزیراعظم ہاؤس پر چھاپہ مارے۔

اس سے قبل آزاد کشمیر الیکشن مہم کے سلسلے میں ہجرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا آپ سب کا بے حد شکریہ جو اتنے خراب موسم کے باوجود آپ سب یہاں پہنچے اور آپ کو نواز شریف کا سلام پیش کرتی ہوں جبکہ مسلم لیگ ن آپ سب کی بے حد شکر گزار ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا ایک بیان پڑھ رہی تھی جس میں موصوف نے کہا کہ میرے علاوہ سلیکٹرز کے پاس کوئی آپشن نہ تھا اور عمران خا ن نے خود بتا دیا کہ الیکشن چوری ہوا ۔

مریم نواز کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا عمران خان نے خود بتا دیا کہ اُسے کیوں سلیکٹ کیا گیا اور نوا زشریف چوائس کیوں نہیں تھا کیونکہ تم اس لیے چوائس ہو کیوں کہ تم سلیکٹرز کے اشارے پر لٹو کی طرح گھومتے ہو اور تمہارے دور میں بھارت کو جرات ہوئی کہ اس نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ کیا نواز شریف کے دور میں بھارت کو یہ جرات ہوتی اور تم چوائس اس لیے ہو کیونکہ تم عوام کی پرچی چوری کر کے آتے ہو؟۔ تم اس لیے چوائس ہو کیوں کہ تم ہر بات پر بک جاتے ہو اور عمران خان تم نے اپنے جرائم میں کشمیر فروشی کا اضافہ کیا جبکہ 22 سال کی جدوجہد کے بدلے یہ داغ عمران خان گھاٹے کا سودا ہے۔

مزیدخبریں