اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماس ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسین کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا ہے اور عملے کا مطالبہ ہے کہ کورونا رسک الاؤنس سمیت دیگر مطالبات ماننے تک کام نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق احتجاجی طبی عملے کی بڑی تعداد ایف نائن ماس ویکسی نیشن سینٹر میں موجود ہے جبکہ ڈی ایچ او کے عملے نے ویکسی نیشن سینٹر بند کر دیا ہے جس کے باعث ویکسین کا عمل تعطل کا شکار ہے اور شہری پریشان ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا رسک الاؤنس دیا جائے، مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ڈی چوک کا رخ کریں گے۔
واضح رہے کہ کورونا رسک الاؤنس نہ ملنے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک ہسپتال کے عملے کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ احتجاج میں پمز اور پولی کلینک ہسپتال کی نرسز، ڈاکٹرز پیرامیڈکس اور نان گزیٹڈ سٹاف شامل ہیں جو رسک الاؤنس دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔