لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل پر حملہ کرنے والے تین ملزمان نے ضمانتوں کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا جس کے بعد عمر اکمل نے ضمانتوں کی سماعت کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمر اکمل کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کا ہمارے ساتھ رویہ سخت اور جانبدار ہے، عدالت کی جانب سے ملزمان کی ضمانتوں میں جانبداری کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے، عمر اکمل نے استدعا کی کہ سیشن جج لاہور کیس کسی اور جج کو ٹرانسفر کرنے کا حکم دیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں پولیس نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پر حملہ میں ملوث برطانوی شہری سمیت چار افراد کو گرفتار کیا تھا، حراست میں لئے گئے مبینہ حملہ آور خود کو عمر اکمل کا پرستار بتارہے تھے اور کرکٹر کیساتھ سیلفی بنانے کے خواہشمند تھے۔
عمر اکمل نے جان کے خطرے کے پیش نظر لاہور پولیس سے رابطہ کرکے درخواست دی تھی جس میں کہا کہ کچھ افراد میرے گھر کے باہر آئے اور حملہ آور ہوکر میری جان لینے کی کوشش کی۔ عمر اکمل نے اس حوالے سے سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی پولیس کو دیں جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔