لندن : برطانیہ نے طالبان کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دے دیا، برطانوی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر طالبان اقتدار میں آئے تو عالمی قوانین کی پاسداری کی شرط پر ان کے ساتھ کام کریں گے۔
برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے اخبار کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ اگر طالبان بعض بین الاقوامی ضوابط کی پاسداری کریں تو برطانوی حکومت ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر طالبان انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہیں تو برطانیہ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے گا، انہوں نے تسلیم کیا کہ طالبان کے ساتھ کام کرنا ایک متنازع معاملہ ہوگا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے۔ 984 سی 17 طیاروں کے ذریعے ضروری سامان افغانستان سے نکال لیا گیا، افغانستان میں قائم 7 فوجی اڈے بھی افغان وزارت دفاع کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔