پاکستان میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے مریضوں میں اضافہ

12:47 PM, 14 Jul, 2021

اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 980 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 24 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے اور مثبت کیسز کی شرح 4.17 فیصد ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 642 ہو گئی ہے جبکہ کل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 78 ہزار 847 سے تجاوز کر چکی ہے۔ 
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 40 ہزار 862 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 2 ہزار 258 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل 9 لاکھ 15 ہزار 343 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 47 ہزار 472 ٹیسٹ کئے گئے جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 51 لاکھ 99 ہزار 875 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 لاکھ 25 ہزار 168 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 5 لاکھ 40 ہزار 263 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ ہو گئی ہے جو مجموعی طور پر 3 لاکھ 49 ہزار 586 ہو چکی ہے جبکہ اس سے کل اموات 5 ہزار 621 ہو گئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 48 ہزار 725 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 839 ہو چکی ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 710 ہو چکی ہے جبکہ صوبے میں مجموعی اموات 4 ہزار 371 ہو گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 ہزار 956 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کل 786 افراد اس وباءسے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 28 ہزار 434 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 317 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 21 ہزار 392 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کل 595 مریض وفات پا چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 7 ہزار 44 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 113 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں