ایرانی حکومت نے شادی کا رجحان بڑھانے کیلئے ڈیٹنگ ایپ متعارف کرادی  

11:51 AM, 14 Jul, 2021

تہران: ایرانی حکومت نے نوجوانوں کو شادی کی جانب راغب کرنے کیلئے ایک ایسی ڈیٹنگ ایپ لانچ کی ہے جس کی مدد سے وہ اپنا جیون ساتھی تلاش کر سکیں گے۔

اس ڈیٹنگ ایپ کا نام ''ہمدم'' رکھا گیا ہے جسے طبیان کلچر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

ڈیٹنگ ایپ کی مدد سے ایران کے نوجوانوں کو شادی کی جانب راغب کرایا جائے گا جبکہ بچیوں کے رشتے کیلئے پریشان والدین کو بھی ان کیلئے موزوں رشتہ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ ایران میں اس سے قبل کئی ڈیٹنگ ایپ لانچ کی گئی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے جب سرکاری سرپرستی میں اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو متعارف کرایا گیا ہے۔

ہمدم نامی اس ڈیٹنگ ایپ کی مدد سے ایرانی نوجوانوں کیلئے لازم ہوگا کہ وہ اس میں رجسٹرڈ ہونے سے قبل اپنی مکمل شناخت اور کوائف درج کریں۔

اس کے علاوہ ہمدم نامی اس ایپ میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے نوجوانوں کا نفسیاتی ٹیسٹ بھی لیا جائے گا، اس میں کامیابی کے بعد انھیں اجازت ہوگی کہ وہ اپنا من پسند جیون ساتھی ڈھونڈنے کیلئے اسے استعمال کریں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ ہمدم ایپ کے ذریعے ملک میں صحتمند خاندانوں کا وجود سامنے آئے گا کیونکہ دشمنوں کی جانب سے ہماری اقدار کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، دشمن ہمہ وقت ہمارے خاندانی نظام کو توڑنے کے درپے ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی حکومت نے کچھ عرصہ قبل کچھ اعدادوشمار جاری کئے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ ملک میں طلاق کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال پورے ایران میں تقریباً ایک طلاق رپورٹ ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ ایران میں سالانہ شرح پیدائش میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، گزشتہ سال اس میں 1.29 فیصد تک کمی دیکھی گئی تھی۔

مزیدخبریں