اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ میں شمولیت چاہتے ہیں، ای ووٹنگ کیلئے فول پروف سسٹم دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بات صوبہ پنجاب میں وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹس کیلئے سافٹ ویئر بنانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔ عوام کو سرکاری کام کرانے میں مشکلات ہوتی ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسی بھی نظام میں تیزی آ سکتی ہے۔ شوکت خانم ہسپتال میں کسی قسم کا پیپر استعمال نہیں ہوتا، وہاں کا سسٹم پیپر لیس کرنے سے ہر قسم کا فراڈ ختم ہو گیا۔ پیپر لیس سسٹم میں فراڈ نہیں ہو سکتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لینڈ ریکارڈز کو آگ لگ جاتی ہے، فائلیں گم ہوجاتی ہیں، اس لئے تمام لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بھی تمام زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں۔ آن لائن نظام سے زمینوں کا ریکارڈ بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ میں شمولیت چاہتے ہیں، چاہتے ہیں الیکشن میں ای ووٹنگ ہو، اس کیلئے فول پروف سسٹم دیں گے۔