ڈبلن: آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 43 رنز سے شکست سے دوچار کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پروٹیز کے خلاف ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلن کے میلاہائیڈے میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان اینڈی بالبرنی کی 102 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت 290 رنز بنائے۔
اینڈی بالبرنی نے 117 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری ٹیکٹر 79، جارج ڈاکریل 45، اینڈی میک برائن 30 اور پال سٹرلنگ 27 رنز بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈیل فیلوک وائیو 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک، ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پروٹیز کی جانب سے جانے من ملان 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے مگر اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ریسی وینڈرڈوسن 49، ڈیوڈ ملر 24، کیشو مہاراج 17، کاگیسو ربادا 16، اینرچ نورجے 10، ٹیمبا باووما 10، کائل ورائن 13، اینڈیل فیلوک وائیو 2 اور تبریز شمسی کوئی سکور نہ بنا سکے۔
آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی میک برائن، مارک اڈائیر اور جوشوا لٹل نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کریگ ینگ، سیمی سنگھ اور جارج ڈاکریل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آئرلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں جنوبی افریقہ کیخلاف پہلی فتح
10:21 AM, 14 Jul, 2021