الزام تراشی کسی فریق یا خطے کے میں مفاد میں نہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  

10:08 AM, 14 Jul, 2021

دوشنبے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الزام تراشی کسی فریق یا خطے کے میں مفاد میں نہیں، پاکستان خطے کی اقتصادی ترقی، امن اور روابط کے فروغ کیلئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو دوشنبے میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےافغانی ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے متحدہ اور پر امن افغانستان کی مستقل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ افغانستان میں شدت پسندی میں اضافے کا رجحان اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باعثِ تشویش ہے۔ ان پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے اور جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ منفی بیانات سے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو جھٹلایا نہیں جاسکتا،الزام تراشی کسی فریق یا خطے کے مفاد میں نہیں۔وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب پر زور دیا کہ باہمی امور پر گفتگو طے شدہ میکنزم’ ایپیپس‘ کو بروئے کار لاتے ہوئے ہونی چاہیے۔

وزیرخارجہ نے افغان قیادت پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے تناظر میں باہمی مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا جلد سیاسی حل نکالیں تاکہ افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن کی راہ ہموار ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ افغان قیادت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مل بیٹھ کر افغان تنازعہ کا حتمی، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل تلاش کریں۔پاکستان خطے کی اقتصادی ترقی، امن اور روابط کے فروغ کیلئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں