منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث لوگ کبھی انقلاب نہیں لا سکتے، ڈاکٹر بابر اعوان  

07:36 AM, 14 Jul, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک سے بھاگے ہوئے مفرور ہیں، شریف خاندان اپنی ذات کے علاوہ کبھی اپنے ورکرز کیلئے کھڑا نہیں ہوا، ان لوگوں کی عادت ہے جب بھی یہ اقتدار میں نہیں ہوتے بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث لوگ کبھی انقلاب نہیں لا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات سے جمہوریت مضبوط اور پاکستان کو آنے والے کئی عشروں تک استحکام ملے گا، اپوزیشن نے گزشتہ 73 برسوں کے دوران نعروں کے علاوہ انتخابی اصلاحات کیلئے کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف حکومت نے پہلی مرتبہ انتخابی نظام میں شفافیت پیدا کرنے، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے ہیں، اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے اسلئے خوفزدہ ہے کیونکہ یہ جانتی ہے کہ اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوئے تو یہ لوگ کبھی اقتدار میں نہیں آ سکتے۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات کا بل پاس کرانا ملک میں انتخابی طریقہ کار میں تبدیلی لانے کی طرف اہم قدم ہے، انتخابی اصلاحات اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ گفتگو ہو رہی ہے، کل انتخابی اصلاحات پر پہلی میٹنگ ہوئی، انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت ہر کسی کی تجاویز سننے کو تیار ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اپوزیشن کے اتفاق رائے سے قانون سازی کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے قانون سازی حکومت کی نہیں بلکہ قوم کی قانون سازی ہے، انتخابات میں عوام کے اربوں روپے لگتے ہیں اسلئے ضروری ہے کہ انتخابات سے دھاندلی کے مکمل خاتمے کیلئے ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی ہماری ایک میٹنگ ہوئی ہے جس میں صدر پاکستان، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری اور میں بھی موجود تھا، اس حوالے سے کام ہو رہا ہے۔

مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت جو انتخابی اصلاحات ایکٹ لائی ہے اس میں تقریباً 60 فیصد وہی باتیں ہیں جو 2017ءمیں ایکسرسائز ہوتی رہیں ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ناقدین شوباز کہتے ہیں اسلئے انہیں شوبازیاں کرنے دیں، شہباز شریف بتائیں کہ ان کے اکائونٹ میں 25 ارب روپے کہاں سے آئے، ایف آئی اے جب ان سے سوال پوچھتا ہے تو کہتے ہیں کہ مجھے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر بابراعوان نے کہا کہ نواز شریف ملک سے بھاگے ہوئے مفرور ہیں، شریف خاندان اپنی ذات کے علاوہ کبھی اپنے ورکرز کیلئے کھڑا نہیں ہوا، ان لوگوں کی عادت ہے جب بھی یہ اقتدار میں نہیں ہوتے بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث لوگ کبھی انقلاب نہیں لا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت نہیں کی، اگر انہوں نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج یہ لوگ بے فکر ہوتے، تحریک انصاف بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلا رہی ہے اور ہم آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

افغان مسئلہ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغان مسئلہ پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان امن کیلئے تو شراکت دار بن سکتا ہے لیکن کسی تنازع کا حصہ بنے گا اور نہ ہی اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دے گا۔

مزیدخبریں