انوپم کھیر کے اہل خانہ بھی کورونا میں مبتلا

05:42 PM, 14 Jul, 2020

ممبئی: امیتابھ بچن کے خاندان کے بعد اب بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کا خاندان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا۔ حال ہی میں بھارتی اداکار انوپم کھیر کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

انوپم کھیر نے بتایا کہ اُن کی والدہ کورونا کا شکار ہوگئی ہیں جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیملی کے دیگر افراد کے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود بھائی، بھابھی اور بھتیجی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے بھی اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

انوپم کھیر نے ویڈیو پیغام میں اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاتعداد پیغامات کا علیحدہ علیحدہ جواب نہیں دے سکتے تاہم اس ویڈیو میں سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گھر کے جب 4 لوگ یوں عالمی وبا کا شکار ہوں تو گھبراہٹ اور مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں تو ایسے میں مداحوں کے پیار سے بہت ڈھارس بندھا۔

انوپم کھیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ڈاکٹروں کی اچھی دیکھ بھال کی وجہ سے والدہ اور فیملی کے دیگر لوگ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امیتابھ بچن کے خاندان کے 4 لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور آرادھیا بچن شامل ہیں جب کہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

مزیدخبریں