اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، نکلیں اور ووٹ کو عزت دو کا  پیغام گھر گھر پہنچائیں: مریم نواز

 اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، نکلیں اور ووٹ کو عزت دو کا  پیغام گھر گھر پہنچائیں: مریم نواز

راولپنڈی: مریم نواز نے اڈیالہ جیل سے ن لیگی کارکنوں کے نام آڈیو  پیغام جاری کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہر طرف دھوم مچا دی ہے۔

ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ " آپ جانتے ہیں میں اپنی بیمار والدہ کو چھوڑ کر آئی ہوں، دعا  کیجیے میں ان کو صحیح سلامت دیکھ سکوں، گلے مل سکوں۔میں اپنے والد کے ساتھ لندن پہنچی تو والدہ ہسپتال کے آئی سی یو میں بے ہوشی کی حالت میں تھیں، جس دن لندن سے روانہ ہوئے، اس دن والدہ نے ذرا دیر کیلئے آنکھیں کھولیں، والدہ نے ہمیں دیکھا لیکن ہماری بات نہ ہو سکی۔آپ ماں بیٹی کا رشتہ جانتے ہیں، اپنے دل پر قابو پاکر میں یہاں جیل کاٹنے، قانون کے آگے سر جھکانے کیلئے آ گئی ہوں"۔

مریم نواز نے کہا کہ "میں قید میں اس لیے نہیں ہوں کہ خدانخواستہ میں نے کوئی جرم کیا ہے، میرا جرم یہ ہے کہ میری رگوں میں میاں محمد نواز شریف کا خون ہے، میں ایک بہادر باپ کی بیٹی ہوں ، دلیر قوم کی دلیر بیٹی ہوں۔مجھے نواز شریف کی کمزوری بنانا چاہا، میں ان کی طاقت بن کر ابھری، میں جیل میں نہ ہوتی تو آپ سب کے ساتھ ایک تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، اس قید کے باوجود میں آپ کے ساتھ ہوں ، آپ کی بیٹی آپ کے ساتھ ہے"۔

انہوں نے اپنے آڈیو پیغام میں ن لیگی کارکنوں سے کہا کہ " آپ کی بیٹی درخواست کر رہی ہے کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، نکلیں اور ووٹ کو عزت دو کا  پیغام گھر گھر پہنچائیں، میری بہنیں اور میری بیٹیاں اس جنگ کا ہراول دستہ ہیں، پہلے مریم نواز لاہور کے ایک حلقے سے انتخاب لڑ رہی تھی، اب مریم نواز پاکستان کے 272 حلقوں سے انتخاب لڑ رہی ہے"۔

اڈیالہ جیل سے بھیجے گئے ن لیگی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ "اٹھیں اور باہمت پاکستانی قوم کی شاندار روایات کے مطابق اپنی بیٹی کا مان بڑھائیں، نواز شریف کا مان بڑھائیں، جمہوریت کو مضبوط کیجیے، پاکستان کا مان بڑھائیے، اپنا مان بڑھائیے، اپنے ووٹ کا مان بڑھائیے، اپنے ووٹ کی عزت کرائیں۔مریم نواز نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی فتح آپ کی اور پاکستان کی فتح ہو گی"۔