نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی کے جیل ٹرائل کا حکم

08:10 AM, 14 Jul, 2018

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کا میڈیکل چیک اپ مکمل ہو گیا ہے اور میڈیکل ٹیم نے دونوں کو صحت مند قرار دے دیا ہے۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدرایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے۔ نواز شریف کو ہائی سکیورٹی زون کے کمرے میں رکھا گیا جبکہ مریم نواز نے رات خواتین بیرکس میں گزاری۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کر دیا گیا۔ جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی وژن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جبکہ اٹیچ باتھ روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی اسی بیرک میں رکھا گیا ہے جس میں کیپٹن صفدر پہلے ہی سے موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق باپ بیٹی اور داماد آپس میں ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔

سابق نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو جن بیرکوں میں رکھا گیا ہے ان پیرکس کے سامنے کشادہ لان بھی موجود ہے جس میں بیڈمنٹن کورٹ بھی ہے۔

مزید پڑھیں: ہمایوں اختر خان کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

نواز شریف، مریم نواز اور دیگر کے خلاف دو ریفرنسز کی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے ملزمان کے جیل ٹرائل کا حکم دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت قانون کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احتساب عدالت کی آئندہ کارروائی اڈیالہ جیل میں ہو گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور دیگر کیخلاف 2 ریفرنسز کی سماعت جیل میں ہو گی۔ ان ریفرنسز میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس شامل ہیں۔ اڈیالہ جیل میں ٹرائل کا حکم قومی احتساب آرڈیننس کی شق16 کے تحت دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی مستونگ میں دہشتگردانہ حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت

خیال رہے احتساب عدالت کے جج رات گئے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچے اور نیب کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نواز کو جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں