سپریم کورٹ کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والے کی آنکھیں نکال لیں گے، شیخ رشید

11:13 PM, 14 Jul, 2017

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سے مسلم لیگ (ن) میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں دولت والے کی حکمرانی ہے، ملک میں جس کے پاس مال ہے وہی حکومت کر سکتا ہے، ہمارے بچوں کا 18 سال کی عمرمیں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن حکمرانوں کے بچے 18 سال کی عمر میں کروڑوں کے مالک بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں کو باہر منتقل کر کے منی لانڈرنگ کی گئی، یہ چوروں، ڈاکوں اور کم ظرفوں کا گروہ ملک کو لوٹتا ہے اور پھر ہمیں آنکھیں دکھاتا ہے، ان سے کہتا ہوں اگر سپریم کورٹ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ان کی آنکھیں نکال لیں گے، اللہ کے بعد سپریم کورٹ ہی اس عوام پر واحد سہارا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ کو جعلی دستاویزات دیں اور قطری شہزادے نے اپنے خط کی توثیق نہیں کی جب کہ پاکستانی سیاست اگلے 4،5 ہفتے انتہائی اہم ہیں، پیر سے پاناما کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں شروع ہو گی بس پھر چار ہفتے کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے بڑے چوروں کو سزا سنا دی تو یقین سے کہتا ہوں کہ آئندہ کوئی بھی بڑا آدمی کرپشن کرنے سے ڈرے گا جب کہ پاناما کیس کے بعد سے مسلم لیگ (ن) میں بھی دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں