ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پنجابی فلم مولاجٹ کاچرچا،اندرونی کہانی سامنے آگئی

06:21 PM, 14 Jul, 2017

اسلام آباد:مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کے آج ہونے والے اہم ترین  اجلاس میں معروف پنجابی فلم مولا جٹ کاچرچا بھی رہا۔ رکن قومی اسمبلی نجف سیال کو وزیراعظم نوازکی صورت میں مولاجٹ دکھائی دیا جبکہ عمران خان کو نوری نت کہا ۔ انہوں نے  عمران خان کی ناکامی کی نوید بھی سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق نجف سیال کی نظر میں و زیراعظم نوازشریف مولا جٹ کی طرح ایک سچے کھرے اور سیدھے سادھے انسان ہیں۔ نون لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو مولاجٹ اور عمران خان کو نوری نت سے تشبیہ  دیدی۔
ان کا ماننا ہےکہ نوری نت کی شکل میں عمران خان مولاجٹ جیسی خصوصیات کے حامل نوازشریف کو مارنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کیلئے نجف سیال نے یہ دعویٰ بھی کیا انہوں نے جوانی میں فلم مولاجٹ دیکھ رکھی ہے۔

جبکہ دوسری جانب موجودہ سیاسی منظر نامےپر گزشتہ روز ہلکی سی جھلک دکھانے والے وزیرداخلہ چودھری نثار آج پھر پارٹی کے اہم ترین اجلاس میں غائب ہوگئے۔  وزیر اعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چودھری نثار غیر حاضر رہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیر داخلہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کےسامنے سے گزر ے ضرور لیکن اجلاس میں شامل ہونے کی بجائے پنجاب ہاؤس چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک طرف مسلم لیگ ن کی پوری پارلیمانی پارٹی ، دوسری جانب چوہدری نثار کی غیر حاضری۔ انگلیاں پھر اٹھنے لگیں،سوالات پھر جنم لینے لگے۔دوریوں کی وجہ کیا ہے،ناراضگی ،مصروفیت ،یا ،کچھ اور،حکمران جماعت کے اہم ترین رکن وزیر داخلہ چودھری نثار وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے سے گزر کر ،پنجاب ہاؤس چلے گئے جبکہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے اندر مسلم لیگ ن کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری تھا۔ اہم ترین اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار کی غیر حاضری  سے پھر چہ مگوئیاں شرو ع ہوگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کے جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے پارٹی پا لیسی پر تحفظا ت ہیں ، انہوں نے گزشتہ رو زوفاقی کا بینہ کے اجلا س میں بھی الگ موقف اختیار کیا تھا ۔
 

مزیدخبریں