تہران :ایران نے کہا ہے کہ امریکی اقدامات کا جواب عملی میدان میں دیں گے۔ ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈئرجنرل سید مسعود جزائری نے گزشتہ دنوں میں امریکہ کے مختلف فوجی اور سیاسی اہلکاروں کی ایران کے خلاف بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام کے بیانات من گھڑت ہیں ۔امریکی اقدامات کا جواب عملی میدان میں دیں گے۔
بریگیڈئرجنرل سید مسعود جزائری نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع سمیت دیگر امریکی سیاستدانوں نے نظام کو گرانے اور اپنے بچگانہ خیالات اور خواہشات کے لئے مختلف اقدامات کئے لیکن اس میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی پوری توجہ خطے میں دہشت گردوں کو شکست دینے اورانہیں اپنے ملک سے باہر نکالنے پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔بریگیڈئرجنرل سید مسعود جزائری نے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف نئی پابندیوں کی تیاری کر رہا ہے جس کا نتیجہ خود امریکی حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران ان پابندیوں کے مقابلے کے لئے تیار ہے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر جیمز میٹس نے اپنے حالیہ بیان میں ایران کے دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔